لکھنو، 24جون؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)بی ایس پی سے استعفی دینے کے بعد قیاس لگائے جا رہے تھے کہ سوامی پرساد موریہ ایس پی میں جا سکتے ہیں لیکن جمعہ کوکانپورمیں شیو پال کے بیان سے صاف ہو گیا ہے کہ موریہ فی الحال ایس پی میں شامل نہیں ہوں گے۔کانپور میں شیو پال نے سابق بی ایس پی لیڈر پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ موریہ کا ذہنی توازن بگڑ گیا ہے اور ان کو ان کو علاج کی ضرورت ہے۔ایس پی حکومت کے کابینی وزیر شیو پال یادو جمعہ کو کانپور پہنچے۔اس دوران شیو پال نے سوامی پرساد موریہ پر چٹکی لیتے ہوئے کہا کہ ان کا ذہنی توازن بگڑ چکا ہے اور ان کو علاج کی ضرورت ہے۔شیو پال کے اس بیان سے صاف ظاہر ہے کہ موریہ سماج وادی پارٹی میں شامل نہیں ہو رہے ہیں۔شیو پال کے بیان پر سوامی پرساد موریہ نے کہا کہ وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ جو کہہ رہے ہیں، میں اس پر کچھ نہیں کہنا چاہتا،ایس پی سے نہ کوئی رشتہ بنا تھا اور نہ بنا ہے،میں اپنی پارٹی کارکنوں کے ساتھ بات چیت کرنے کے بعد آگے کا فیصلہ کروں گا۔اگرچہ ان کے بی جے پی میں شامل ہونے کے بھی قیاس لگائے جارہے ہیں۔جمعہ کو وہ دہلی پہنچ گئے ہیں اور پارٹی کے لیڈران سے ملاقات کریں گے۔ان کے بی ایس پی چھوڑنے کے بعدہی بی جے پی انہیں اپنے پالے میں لانے کی کوشش کر رہی ہے۔تاہم اس دوران شیو پال نے مختار انصاری کے ایس پی میں شامل ہونے اور قومی اکتادل پارٹی کا ان کی پارٹی میں انضمام ہونے کو لے کر کہا کہ مختار انصاری کے بھائی افضال انصاری کی شمولیت ایس پی میں ہوئی ہے،وہ پارٹی میں پہلے سے تھے،ساتھ ہی شیو پال نے کہا کہ ہماری پارٹی میں کوئی کھٹ پٹ نہیں ہے۔